پشاور:سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے والے شخص کو سزائے موت سنادی گئی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق پشاور کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار شخص کو سزائے موت سنا دی۔
ملزم خالد، جس کا تعلق بنوں سے ہے، پر الزام تھا کہ اس نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد شیئر کیا، جس کے بعد یہ مواد تیزی سے وائرل ہوا۔ اس واقعے پر ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف تحقیقات مکمل کیں۔
تحقیقات کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا گیا اور مقدمے کی سماعت سینٹرل جیل پشاور میں ہوئی۔ اس دوران ملزم کا بیان قلمبند کیا گیا اور مختلف گواہوں کے بیانات بھی عدالت کے سامنے پیش کیے گئے۔
عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا اور ملزم کو ایک الزام میں عمر قید جب کہ توہین رسالت کے جرم میں موت کی سزا دی گئی۔ یہ واقعہ گزشتہ سال پیش آیا تھا اور ایف آئی اے نے اس کی فوری تحقیقات کرکے معاملہ عدالت تک پہنچایا۔