کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے 24دسمبر کو مہاجر کلچر ڈے منانے کا اعلان کردیا گیا ۔
پارٹی کے بہادر آباد مرکز پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 24 دسمبر کو گورنر ہائوس میں مہاجر کلچر ڈے منانے کا اعلان کیا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ دن مہاجر ثقافت اور بانیان پاکستان کی تہذیب و ورثے کو اجاگر کرنے کا موقع ہوگا۔ گورنر ہائوس کراچی ایک گلدستہ ہے جہاں مختلف زبانیں بولنے والے لوگ اپنے کلچر کا جشن مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کلچر پاکستان کا قومی اثاثہ ہے اور ہمیں اپنی ثقافتوں کا احترام کرتے ہوئے کشادہ دلی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کوٹہ سسٹم لسانی بنیاد پر لگایا گیا تھا ۔پاکستان بننے سے پہلے ہمارے اجداد پاکستانی تھے ہم بھی پاکستانی ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ پرامن صوبہ ہے،یہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی دھرتی ہے۔ کراچی پاکستان کی تمام ثقافتوں کا مسکن ہے اور مہاجر کلچر ڈے مہاجروں کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کے ساتھ قومی یکجہتی کو مضبوط کرنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔