چیمپئنز ٹرافی کے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ کل ہونے کا امکان

105

کراچی:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی کے نیوٹرل وینیو کے حوالے سے اہم پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں فیصلہ کل (اتوار تک) متوقع ہے۔

انہوں نے یہ بات نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔  محسن نقوی نے کہا کہ اگر بھارت پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو اس سے مالی نقصان نہیں ہوگا کیونکہ آئی سی سی نیوٹرل مقامات پر ہونے والے میچز کے اخراجات میں اضافی مالی مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ 3برس تک پاکستان بھارت کے ساتھ نیوٹرل وینیوز پر کھیلنے کا معاہدہ کر چکا ہے، تاہم اس معاہدے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی پی سی بی کے آئندہ سربراہ کے فیصلے پر منحصر ہوگی۔

کراچی کے حوالے سے خوشخبری کا عندیہ

محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی کے زیادہ تر میچز کراچی میں کرانے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ نیشنل بینک اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن جاری ہے، یہاں تعمیراتی کام کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلڈ لائٹس کی تنصیب سمیت دیگر بنیادی تعمیراتی امور پر تیزی سے کام ہو رہا ہے تاکہ ایک اعلیٰ معیار کا اسٹیڈیم فراہم کیا جا سکے۔

چیئرمین پی سی بی نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ کراچی کو بہترین کھیلوں کی میزبانی کے لیے تیار کیا جا سکے۔