بھارت صرف سناتن دھرم کے لیے ہے: یوگی آدتیہ ناتھ

113

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ سناتن دھرم (ہندو مت) ہی بھارت کا قومی مذہب ہے۔ ملک کے تمام باشندوں کو اِس کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

ایودھیا کے ایک آشرم میں شریمد بھاگود پاٹھ میں شریک ہوکر یوگی آدتیہ ناتھ نے پوجا کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بھر میں مندر گرانے والے اورنگ زیب عالمگیر اور اُس کے ہم خیال لوگوں کا زوال اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ اس ملک میں صرف سناتن دھرم کا سکہ چلے گا۔

ایودھیا کے اشرفی بھون آشرم میں منعقدہ پانچ نارائن مہا یگیہ میں شرکت کے موقع پر اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ مذہب اور ثقافت مل کر معاشرے میں ہم آہنگی پھیلاتے ہیں۔ ہر شہری کا فرض ہے کہ ملک کے قومی مذہب کے طور پر سناتن دھرم کی حفاظت کا ذمہ لے اور معاشرے کی ہم آہنگی میں اپنا کردار ادا کرے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مغل شہنشاہوں کی اولاد آج رکشے چلا رہی ہے۔ یہ ایک بڑا سبق ہے اُن سب کے لیے جو بھارت میں جبر کے ذریعے اپنی بات منوانا چاہتے تھے اور چاہتے ہیں۔ یہ لوگ اگر مندر گرانے سے باز رہتے اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان نہ پہنچاتے تو آج اِن کا یہ حال نہ ہوتا۔

اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ کا شمار بھارتیہ جنتا پارٹی کے اُن رہنماؤں میں ہوتا ہے جو بھارت میں مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے چند ماہ کے دوران کئی بار ایسی تقریریں کی ہیں جن سے مذہبی ہم آہنگی کی فضا کو انتہائی نقصان پہنچا ہے۔ یوگی آدتیہ کی زہر افشانی کے باعث ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن اُنہیں کئی بار شدید تنقید کا نشانہ بناچکی ہے۔