روس میں نائن الیون کی طرز پر رہائشی عمارت پر حملہ

226

ماسکو: روس کے شہر کازان میں یوکرین کی جانب سے مبینہ طور پر نائن الیون طرز کا ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا، واقعے کے فوری بعد حکام کی جانب سے شہر کے ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند بھی کرنا پڑا۔ 

بین الاقوامی خبر رساں اداروں  کے مطابق روسی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کے باعث ایئرپورٹ بند کرنا پڑا تاہم مختصر تعطل کے بعد اسے دوبارہ فعال کر دیا گیا۔ روسی میڈیا کے مطابق، یوکرینی ڈرون رہائشی عمارت سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔ 

روسی وزارت دفاع کے مطابق حملے تین مراحل میں کیے گئے تھے۔ اس دوران 3ڈرونز کو ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ہی ناکام بنایا جب کہ 3دیگر کو الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے ذریعے گرا دیا گیا۔ 

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، لیکن بے گھر افراد کے لیے عارضی سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔ شہر میں عوامی تعطیلات کے دوران تقریب بھی منسوخ کر دی گئی۔ 

دریں اثنا روس کے سیکورٹی اداروں سے منسلک میڈیا نے واقعے کی فوٹیج جاری کی، جس میں ڈرون کو عمارت سے ٹکراتے اور آگ بھڑکتے ہوئے دکھایا گیا۔  روسی وزارت خارجہ کی ترجمان، ماریا زیخاروا نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے  یوکرین کی ناکامیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  یوکرین پرامن شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنی شکست چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔