پی ٹی آئی سے مذاکرات کی کمیٹی بنانے کیلیے اسپیکر کا وزیراعظم سے رابطے کا فیصلہ

88

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کے معاملے پر وزیراعظم سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی سے بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس مذاکراتی عمل میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسپیکر کو مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی باضابطہ درخواست دی۔

اسپیکر ایاز صادق کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ کمیٹی کا قیام ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، لیکن وہ اس تجویز کو وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے تاکہ مذاکراتی کمیٹی کے قیام کے لیے پیش رفت ہو سکے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی وہ کہیں گے، وہ وزیراعظم سے اس حوالے سے بات چیت کریں گے۔

ایاز صادق نے واضح کیا کہ بطور اسپیکر وہ وزیراعظم سے درخواست کریں گے کہ پی ٹی آئی کا مؤقف سن کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا جائے۔ کمیٹی کے قیام کی حتمی منظوری وزیراعظم کی صوابدید پر ہوگی۔