توانائی بحران پر قابو پانی کیلیے پاک ایران گیس منصوبہ جلد مکمل کیا جائے،لیاقت بلوچ

47

لاہو ر( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ملتان میں ایسوسی ایشن آف ینگ جرنلسٹس کی تقریب حلف برداری اور لاہور میں وکلاء، نوجوانوں اور یونیورسٹی طلبہ و طالبات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور
بنگلہ دیش میں تعلقات کی بہتری، مستحکم بااعتماد بحالی دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشگوار لمحات ہیں۔ ماضی کی تلخیاں بُھلانے کے لیے پاکستان حکومت، قومی سیاسی قیادت اور فارن پالیسی حکمت کاروں کو مؤثر، بااعتماد اقدامات کرنا ہونگے۔ ہمارے پالیسی سازوں کو ‘انڈین وائرس’ سے پرہیز کرتے ہوئے عوامی، خصوصاً بنگلہ یوتھ کے جذبات کا احترام کرنا ہوگا۔ پاکستانی عوام کی بنگلہ دیشی عوام کے لیے بے پناہ محبتیں قائم و دائم ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستانی میزائل پروگرام پر نئی پابندیوں کا اقدام اِس امر کو پھر عیاں کررہا ہے کہ امریکا سے بڑی توقعات اور غلامانہ ذہنیت پر مبنی روابط کو برقرار رکھنے کی بجائے خطہ کے ممالک کے ساتھ تعلقات اور ترقی و استحکام پر مبنی شراکت داری کے لیے نئی حکمتِ عملی ترتیب دی جائے۔ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کو قومی عوامی ترجیح قرار دیتے ہوئے مکمل کیا جائے اور افغانستان کے ساتھ تمام غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے ایران اور افغانستان سے بارڈر ٹریڈ کے لیے پائیدار آسانیاں پیدا کی جائیں۔ کُرم پارہ چنار کے عوام کو مزید انسانی المیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری اور ترجیحی اقدامات کریں۔ وفاقی وزیرِداخلہ سید محسن نقوی نے لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، کُرم کی صورتِ حال اور حکومت اور جماعتِ اسلامی کے درمیان بجلی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عوامی دھرنا معاہدہ پر گفتگو ہوئی۔ ملی یکجہتی کونسل کا وفد وزیرِداخلہ اور خیبرپختونخوا کے گورنر اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کرے گا تاکہ کُرم ضلع میں راستے کھلیں اور پائیدار امن آئے۔ لیاقت بلوچ نے علماء کرام کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مدارس رجسٹریشن کا مسئلہ خود رجسٹرڈ وفاق کے قائدین اور علماء کرام کو خود حل کرنا ہوگا، حکومت تو اپنا اُلو سیدھا کرے گی اور مدارس و علماء کو دھوکہ ہی دے گی۔ فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا حل عالمِ اسلام کو محفوظ بنائے گا اور یہ اتحادِ اُمت کے ذریعے ممکن ہے۔ فلسطین اور کشمیر کو بُھلاکر عالمِ اسلام محفوظ نہیں رہے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور سرکاری اداروں کو کرپشن فری بنانا ناگزیر ہے۔ پنجاب حکومت ٹال مٹول نہیں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کرائے۔