لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جسٹس مرزا وقاص رئوف کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا کہ عدالت نے9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بریت کی درخواست خارج کی۔ درخواست گزار نے ابتدائی مرحلے پر بریت کی درخواست دائر کی، کیس میں ابھی گواہ آنا اور ٹرائل ہونا باقی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ گواہ اور شہادتوں کو دیکھنے کے بعد عدالت بریت سے متعلق فیصلہ کرتی ہے، عدالت اس اسٹیج پر بریت کی درخواست مسترد کرتی ہے، ٹرائل اسٹیج پر درخواست گزار کو بریت کی درخواست دائر کرنے میں آزادی ہوگی، نئی بریت کی درخواست پر عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔ عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ درخواست گزار کے مطابق اس کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق اسے سزا کا امکان نہیں، پولیس کے مطابق شریک ملزمان کے بیانات کی روشنی میں درخواست گزار کو نامزد کیا گیا۔