حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)6 نئے کینال، ارسا ایکٹ میں ترمیم، زمینوں پر قبضے اور لاقانونیت کے خلاف عوامی تحریک اور سندھیانی تحریک کی 22 دسمبر کو سکھر میں اعلان کردہ ریلی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سندھیانی تحریک کی مرکزی رہنما عظمت ہالیپوٹو، ایڈووکیٹ کوثر پھلپوٹو اور فضا پھلپوٹو نے روہڑی سمیت سکھر کے مختلف علاقوں میں انائونسمنٹ کرکے اور ہینڈ بلز تقسیم کرکے لوگوں کو ریلی میں شرکت کی دعوتیں دی۔ عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار اور ایڈووکیٹ سچل بھٹی نے سکھر کی ادبی شخصیات عدل سومرو، ایاز گل، ممتاز بخاری اور دیگر کو ریلی میں شرکت کیلیے مدعو کیا۔ سندھیانی تحریک کی مرکزی رہنما عظمت ہالیپوٹو، ایڈووکیٹ کوثر پھلپوٹو اور فضا پھلپوٹو نے شہروں میں انائونسمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ 6 نئے کینال بنا کر دریائے سندھ کو خشک کیا جا رہا ہے۔دریائے سندھ، سندھ کی ذرائع معاش کا واحد ذریعہ ہے، ہمیں سندھ کو بچانے کیلیے مستقل جدوجہد کرنا ہوگی. خواتین، بچے، بڑے سب کو سڑکوں پر نکل کر دریائے سندھ کو بچانا ہے۔سندھیانی تحریک 22 دسمبر کو سکھر میں احتجاجی ریلی نکالے گی۔ سندھیانی تحریک کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ کینالوں کیخلاف پیپلز پارٹی کے جھوٹے بیانات منگر مچھ کے آنسو بہانے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 6 نئے کینال، ارسا ایکٹ میں ترمیم، کارپوریٹ فارمنگ سمیت سمیت تمام عوام دشمن منصوبوں کو ختم کیا جائے اور دریائے سندھ کے تاریخی بہاؤ (فلو) کو بحال کیا جائے۔