اسرائیل غزہ میں نسل کشی کے اقدامات کررہا ہے،ہیومن رائٹس واچ

30

جنیوا /غزہ /تل ابیب /صنعا /اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /صباح نیوز)ہیومن رائٹس واچ نے غزہ میں شہریوں کو پانی تک رسائی سے محروم رکھنے پر اسرائیل پر نسل کشی کے اقدامات کا الزام لگایا دیا۔ ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیل پر الزام عاید کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینی شہریوں کو مناسب پانی کی رسائی سے جان بوجھ کر محروم رکھ کر “نسل کشی کے اقدامات” کیے جا رہے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ
کے مطابق اسرائیل کے اقدامات کے تحت پانی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کی اموات ہوئیں، یہ عمل انسانیت کے خلاف نسل کشی کے جرم کے مترادف ہے۔ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے جاری کی گئی 179 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا، جن میں پانی کی صفائی کے پلانٹس کو چلانے والے شمسی پینل، ایک ذخیرہ، اور پرزوں کا گودام شامل ہے جبکہ جنریٹرز کے لیے ایندھن کی سپلائی بھی روکی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل نے بجلی کی فراہمی کاٹ دی، مرمت کرنے والے کارکنوں پر حملے کیے، اور مرمت کے لیے درکار سامان کے غزہ میں داخلے کو روکا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد پیاس اور بیماری سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے جنگجو نے اسرائیلی فوجیوں پر خودکش حملہ کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر جاری اپنے بیان میں القسام بریگیڈز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جمعے کی دوپہر القسام بریگیڈز کے ایک جنگجو نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں اسرائیلی فوج کے اسنائپر اور اس کے معاون کو انتہائی قریب سے نشانہ بناکر ہلاک کردیا‘ اس حملے کے ایک گھنٹے بعد وہی جنگجو، ایک اسرائیلی فوجی کا بھیس بدل کر 6 اسرائیلی فوجیوں پر مشتمل ایک دستے کے درمیان داخل ہوا اور خود کو دھماکے سے اڑالیا‘ اس حملے کے نتیجے میں اسرائیلی فوجی ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔ مغربی کنارے کے ایک گائوں میں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کے حصار میں ایک مسجد ’’الولیدین‘‘ پر حملہ کردیا۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے سلفیت میں ایک مسجد کو آگ لگانے کی ناپاک حرکت کی گئی ہے۔ یہودی آباد کاروں نے مسجد کی دیواروں پر “بدلہ” اور “عربوں کی موت” جیسے نفرت انگیز اور نسل پرستانہ نعرے عبرانی میں اسپرے سے لکھے۔ اسرائیلی اخبارر ہارٹز کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری کے باعث اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو آئندہ ماہ پولینڈ نہیں جائیں گے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم آئندہ ماہ پولینڈ میں آوشوٹز کے قتلِ عام کی یاد میں ہونے والی تقریب میں مدعو تھے۔ اخبار کے مطابق نیتن یاہو کے اس فیصلے کی وجہ ان کی گرفتاری کا خدشہ ہے، جو ان کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت کے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کی بنیاد پر ہو سکتی ہے۔ فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے دنیا بھر میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے مظاہروں اور سرگرمیوں کے تسلسل اور ان میں مزید شدت پیدا کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے بین الاقوامی حمایت کو تقویت ملے اور قابض ریاست کی جارحیت کا خاتمہ ممکن ہو۔ ترجمان فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کہا ہے کہ441 روز سے نہ رکنے والے اسرائیلی مظالم نے بین الاقوامی برادری پر سیاسی، قانونی، اخلاقی اور انسانی ذمے داریاں عاید کر دی ہیں کہ وہ اس وحشیانہ جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اور موثر اقدامات اٹھائے۔ یمنی دارالحکومت صنعا اور الحدیدہ شہر کے مختلف مقامات پر اسرائیلی کی بمباری پر حوثی ملیشیا نے اس کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان حوثی گروپ یحییٰ سریع نے ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ کردہ ایک وڈیو بیان میں کہا کہ اسرائیلی حملہ حوثیوں کو جواب دینے اور غزہ کی پٹی کی حمایت جاری رکھنے سے نہیں روکے گا۔