لاہور(اسپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے ڈرافٹس کی میزبانی پہلی بار بلوچستان کے تاریخی شہر گوادر میں کروائے جانے کا اعلان کردیا گیا ۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سپرلیگ کے 10 ویں ایڈیشن کی تیاریاں جاری ہیں، بلوچستان کا پورٹ سٹی گوادر پی ایس ایل کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا، پلئیر ڈرافٹس کی تقریب 11جنوری 2025بروز ہفتہ منعقد ہوگی ۔ بلوچستان کے ساحلی شہر میں ڈرافٹنگ کا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، تقریب میں تمام فرنچائز سیزن 10 کے لیے کھلاڑیوں کو چنا کریں گی، پی ایس ایل کا میلہ اپریل مئی میں سجے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ گوادر، اپنی شاندار ساحلی پٹی اور اسٹریٹجک اہمیت کے ساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کے دل کی حیثیت رکھتا ہے، یہاں پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرکے ہمارا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں 11 جنوری کو خوبصورت شہر گوادر میں تمام فرنچائزز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہوں کیونکہ ہم پاکستان کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے 10ویں ایڈیشن کے آغاز کی طرف ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ مجھے گوادر کو پلیئر ڈرافٹ کے میزبان شہر کے طور پر اعلان کرنے پر بہت فخر ہے، یہ اقدام پی ایس ایل کی رسائی کو پاکستان کے کونے کونے تک پھیلانے اور پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے دکھانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔پی سی بی نے اپنی پریس ریلیز میں تقریب کے آغاز کا وقت اور مقام شیئر نہیں کیا ہے۔دوسری جانب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا اعلان دسمبر کے آخر میں کیا جائے گا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے پی ایس ایل 2025 کو 7 اپریل سے 20 مئی تک منعقد کرنے کی تجویز ہے۔