افغانستان کے خلاف زمبابوے کا مشترکہ طور پر سب سے کم اسکور

44

افغانستان کے خلاف ہرارے میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں زمبابوے کے سبھی کھلاڑی17.5 اوور میں54 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جو اس کا افغانستان کے خلاف مشترکہ طور پر سب سے کم اور کل ملاکر مشترکہ طور پر چوتھا سب سے کم اسکور ہے۔ اس میچ میں افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ50 اوور میں چھ وکٹ پر 286 رنزبنائے تھے۔ اس نے زمبابوے کو17.5 اوور میں54 رنز پر آئوٹ کرکے میچ232 رنز سے جیتا تھا جو اس کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی جیت ہے۔
اس سے پہلے افغانستان کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی جیت177 رنز کی تھی جو اس نے جنوبی افریقا کے خلاف شارجہ میں20 ستمبر2024 کو حاصل کی تھی۔ اس میچ میں افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ50 اوور میں چار وکٹ پر 311 رنز بنانے کے بعد جنوبی افریقا کو34.2 اوور میں134 رنز پر آئوٹ کردیا تھا۔
اس سے پہلے زمبابوے کی ٹیم ہرارے میں 26 فروری2017 کو ہوئے میچ میں13.5 اوور میں54 رنز بناکر آئوٹ ہوئی تھی۔ اس میچ میں افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں نو وکٹ پر 253 رنز بنائے تھے اور میچ ڈکورٹھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت 106 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
زمبابوے کا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اسکور18 اوور میں35 رنز ہے جو اس نے سری لنکا کے خلاف ہرارے میں25 اپریل2004 کو بنایا تھا۔ اس میچ میں سری لنکا نے9.2 اوور میں ایک وکٹ پر40 رنز بناکر میچ نو وکٹ سے جیتا تھا۔
سری لنکا کے خلاف کولمبو میں8 دسمبر2001 کو ہوئے میچ میں زمبابوے کے سبھی کھلاڑی 15.4 اوور میں38 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے جو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اس کادوسرا سب سے کم اسکور ہے۔ اس مرتبہ سری لنکا نے 4.2 اوور میں ایک وکٹ پر40 رنز بناکر میچ نو وکٹ سے جیتا تھا۔
زمبابوے کا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیسر ا سب سے کم اسکور24.5 اوور میں44 رنز ہے جو اس نے بنگلادیش کے خلاف چٹا گانگ میں3 نومبر2009 کو بنایا تھا۔ اس میچ میں بنگلا دیش نے 11.5 اوور میں چار وکٹ پر49 رنز بناکر میچ چھ وکٹ سے جیتا تھا۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ز مبابوے کی طرح امریکا بھی35 رنز کے اسکور پر آئوٹ ہوئی ہے جو اس قسم کے کرکٹ میں سب سے کم اسکور ہے۔ امریکا کے سبھی کھلاڑیوں کو 12 اوور 35 رنز پر آئوٹ کرنے کے بعد نیپال نے5.2 اوور میں دو وکٹ پر 36 رنز بناکر میچ آٹھ وکٹ سے جیتا تھا۔ یہ میچ 12فروری 2020کو کرتی پور میں کھیلا گیا تھا۔ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ابھی تک نو مرتبہ ٹیمیں پچاس سے کم اسکور پر آئوٹ ہوئی ہیں۔ زمبابوے کے ساتھ یہ حادثہ تین مرتبہ ہوا ہے جبکہ کینڈا دو مرتبہ پچاس سے کم اسکور پر آئوٹ ہوئی ہے۔ پاکستان، امریکا، سری لنکا اور نا میبیا ایک ایک مرتبہ پچاس سے کم اسکور پر آئوٹ ہوئی ہیں۔