واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی استغاثہ کا کہنا ہے کہ چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی نے امریکی ریاست کی سیاست پر اثر انداز ہونے کے لیے کیلیفورنیا میں ایک ایجنٹ کا استعمال کیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے 64 سالہ یاؤننگ مائیک سن کو لاس اینجلس کے قریب چینو ہلز میں واقع ان کے گھر سے اس الزام میں گرفتار کیا کہ انہوں نے مقامی سیاست میں ملوث ہوکر غیر ملکی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا۔ اس حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یاؤننگ مائیک سن ایک سیاست دان کی انتخابی مہم کے مینیجر اور قریبی ساتھی کے طور پر کام کرتے تھے، جو 2022 ء میں مقامی طور پر منتخب ہونے والے عہدے کے لیے انتخاب لڑ رہے تھے۔ انہوں نے چینی شہری چن جون کے ساتھ مل کر سازش کی، جسے چینی ایجنٹ کے طور پر گزشتہ ماہ سزا سنائی گئی تھی۔