مشترکہ مسابقتی امتحان سے متعلق خبریں جھوٹی ہیں‘سندھ پبلک سروس کمیشن

47

کراچی(پ ر)سندھ پبلک سروس کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بعض عناصر سوچی سمجھی سازش کے تحت جھوٹی خبریں چلا رہے ہیں ایسی خبروں کا مقصد سی سی ای نتائج کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے متنازع بنانا ہے۔سندھ پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مسابقتی امتحان(CCE-2021) سے متعلق خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی سی ای 2021 ء امتحانات میں بعض امیدواروں نے 1000 میں سے 600 نمبر حاصل کیے۔ایسے امیدواروں کی انٹرویو میں کارکردگی اچھی نہیں رہی جس کا ریکارڈ موجود ہے،تمام مارکس اور محدودود ترجیحات کے پیش نظر ان امیدواروں کو کوئی ملازمت نہیں دی گئی/ایلوکیٹ نہیں کی گئی ۔ ان امیدواروں نے سروس آپشن میں بھی صرف پی ایم ایس یا ڈی ایس پی کا آپشن رکھا تھا۔اگر سروس آپشن میں پی ایم ایس اور ڈی ایس پی کے علاوہ مختیارکار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر(لیبر )، اسسٹنٹ رجسٹرار اور کوآپریٹو سوسائٹی کے آپشن دیے ہوتے تو شاید ایلوکیشن ہوجاتی جبکہ معزز عدالت عالیہ کے حکم کی روشنی میں انٹرویوز کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگز محفوظ کرلی گئی ہیں۔ یہ ریکارڈنگز فیل ہونے والے امیدواروں کی کارکردگی کے ٹھوس شواہد کی حیثیت رکھتے ہیں ،سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ انٹرویو کمیٹی کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا اوربیبنیاد معلومات کی بنیاد پر آئینی ادارے کو بدنام کرنا تشویشناک ہے ،جبکہ کمیشن انتظامیہ ایسے مذموم عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔