اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں شہبازشریف سے ملاقات کی، جس میں مدارس رجسٹریشن بل کے حوالے سے گفتگو کی گئی ، جس پر وزیر اعظم نے مولانا کومدارس رجسٹریشن بل پر جلدنوٹیفکیشن جاری کروانے کی یقین دہانی کرائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں جے یوآئی کے میں عبدالغفورحیدری،کامران مرتضیٰ اور اسعد سعد محمود موجود تھے جبکہ حکومتی وفد میں راجہ پرویزاشرف، قمرزمان کائرہ، اسپیکر ایازصادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ، وزیراطلاعات عطا تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ اور اٹارنی جنرل منصورعثمان شریک ہوئے۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت قانون کو مدارس رجسٹریشن بل کا معاملہ حل کرنے کیلئے آئین وقانون کے مطابق اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے، امید ہے کہ بہت جلد نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔
دریں اثنا وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات میں شہباز شریف سے مدارس کی رجسٹریشن بل کے حوالے سے تفصیلی گفتگوکی ہے، جس پر وزیر اعظم نے جلد نوٹی فکیشن جاری کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے، ویسے بھی صدر نے بل پر جو اعتراض کرنا تھا وہ چکے، اب اعتراض پر اسپیکر کا جواب آنے اور آئینی مدت گزرنے کے بعد ایک اور اعتراض نہیں بنتا، امید ہے کہ بہت جلد نوٹی فکیشن جاری ہوجائےگا۔