اسلام آباد : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج کرنے والوں پر سیاسی دہشتگردی کی جارہی ہے، اس وقت ملک میں جو کچھ ہورہا ہے اس کی ذمہ داری نوازشریف پر آئے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ملک میں کوئی قانون نہیں، ایک شخص کے جیل میں رہنے سے پورے ملک میں سیاسی جمود ہے، ملک بانی پی ٹی آئی سے بھی نہیں چلنا انھوں نے بھی 4 سال گزارے ہیں، ملک کو آگے کیسے چلانا ہے اس کیلئے سب کو بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان نوازشریف سے ملیں یا پھر مسائل کا حل نکالیں، حکومت نے بھی جگہ کا تعین نہیں کیا اور پی ٹی آئی بھی بضد تھی، کمزور حکومتیں ہیں عوام سے ڈری ہوئی ہیں، ملک میں شفاف الیکشن نہیں ہوتے، آئین ٹوٹ گیا اور کسی کو کوئی فکرہی نہیں یہ ہماری بدقسمتی ہے۔
شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھاکہ نظام کرپٹ ہوچکا ہے، جس نے پیسے دیئے اس کی عمارتیں نہیں گرائی جبکہ جنہوں نے پیسے نہیں دیئے ان کے گرا دئے گئے، لوگوں نے نقشے لئے لیکن منظور نہیں کئے گئے، لوگوں سے نقشے لئے گئے لیکن ان کو مسترد کردیا گیا۔