مرغی ،والوں کی قیمتیں مڈل مین کے کردار کے باعث کم نہیں ہورہی ہیں،وزیر خزانہ

25

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مرغی،دالوں کی قیمتیں مڈل مین کے کردارکے باعث کم نہیں ہو رہیں۔ اسلام آباد میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی بھی ساڑھے 6 سال کی نچلی ترین سطح پر آگئی،عالمی سطح پر قیمتیں کم ہونے کا فائدہ پاکستان میں عام آدمی کو نہیں پہنچ رہا ،عالمی سطح پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا فائدہ عام آدمی کو پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ معاشی میدان میں اہم کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے،کرنٹ اکاؤنٹ 10 سال بعد سرپلس ہونا اہم پیشرفت ہے، یقین ہے کہ ترسیلات زر35ارب ڈالرسے بڑھ جائیں گی،برآمدی شعبے میں بھی مثبت رجحان ہے، اسٹیٹ بینک نے مسلسل پانچویں
بارپالیسی ریٹ میں کمی کی ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ کا 13فیصد پرآنا معیشت کے لیے اہمیت کا حامل ہے، کاروباری برادری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، معاشی استحکام کے ساتھ شرح نمو میں اضافہ ترجیح ہے، سیمنٹ کی فروخت میں5فیصد اضافہ ہوا ہے۔محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ای سی سی میں ایک ماہ قبل مہنگائی کا احاطہ کیا تھا، آج کے ای سی سی میں پہلا ایجنڈا قیمتیں کم کرنے پر ہو گا، پرامید ہوں معاشی بہتری کا سفرجاری رہے گا۔