پرویز اشرف کا مری میں عمارتیں گرانے پراظہار تشویش

54

اسلام آباد(آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق اسپیکر وسابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے مری میں عمارتیں گرانے، مقدمات اور نوٹسز بھیجنے پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،‘ کسی وقت بھی معاملہ آؤٹ آف کنٹرول ہوسکتا ہے۔اس پر وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کا دائرہ اختیار ہے
،راجہ پرویز اشرف کی تجاویز پنجاب حکومت کو پہنچا دوں گا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مری کی منفرد حیثیت ہے تمام شہروں میں پورے پاکستان کے لوگ وہاں جاتے ہیں سارا علاقہ عجیب و غریب کیفیت سے دوچار ہے، وہاں کے لوگ سراپا احتجاج ہیں دس سال پہلے کسی نے بلڈنگ بنائی، تیار بلڈنگز کو کہا جارہا ہے گرائیں لوگ سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہو چکے ہیں اس مسئلے کو سلجھانا چاہیے ‘جب بلڈنگ بن رہی تھیں اس وقت محکمہ جات کہاں تھے ؟اس وقت کسی کو خیال نہیں آیامیرے پاس وفد آئے انہوں نے جو صورتحال بتائی وہ تشویشناک ہے۔انتظامیہ نے لوگوں پر ایف آئی آرز کاٹ دی ہیں آپ صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کریں جتنی ایف آئی آرز ہوئیں ان کو ختم کریں۔