حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نے دریائے سندھ پر کینال بنانے کے منصوبے کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر بھرپور انداز میں تعاون کیا، صوبے میں کاروبار مکمل طور پر بند رہا، پورا سندھ احتجاج کی حالت میں ہے، کامیاب ہڑتال حکمرانوں کو پیغام دیتی ہے کہ دریائے سندھ پر نہروںکی تعمیر کے منصوبے کو فوری طور پر رد کیا جائے۔ سندھ کی بقا کا واحد ذریعہ دریائے سندھ ہے، اس پر نہروںکی تعمیرسے ہم سندھ کو موت کی وادی میں تبدیل ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب ہڑتال نہروںکی تعمیر کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے سندھ اب جاگ چکا ہے، عوام نے رضاکارانہ طور پر ہڑتال کی کال پر لبیک کہتے ہوئے کاروبار بند کر کے منصوبے کو رد کیا ہے۔ ایس ٹی پی کی پرامن ہڑتال کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے کئی شہروں میں دکانیں کھلوانے کی کوشش کی، لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایس ٹی پی کے ضلع حیدرآباد کے رہنما عرفان بروہی سمیت 8کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کر کے غائب کر دیا ہے۔ دادو سے جبران پنہور اور خادم ببر سمیت 5کارکنوں اور ہالا سے فرحت گاہوٹی، شاہد لغاری سمیت 6کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے،پرامن سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں فوری طور پر گرفتار کارکنوں کو آزاد کیا جائے۔