دہشت گردوں کے ہینڈلرز سی پیک کو رول بیک کرنا چاہتے ہیں،احسن اقبال

282

بیجنگ (آن لائن)طوفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پاور چائنہ کے انجینئرز کی دہشت گردی کے واقعے میں المناک وفات پر بیجنگ میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاور چائنہ کی انتظامیہ اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔احسن اقبال نے دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ہینڈلرز سی پیک کے منصوبے کو رول بیک کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان اور چین کے باہمی بھائی چارے کو کمزور نہیں کر سکتیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی حکومت نے سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز اور عملے کی سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ سی پیک 2.0 کی رفتار کم نہیں ہوگی بلکہ یہ منصوبہ مزید بلندیوں کو چھوئے گا اور دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہوگا۔