مٹیاری،ڈپٹی اکائونٹنٹ جنرل سندھ کی کھلی کچہری کا انعقاد

69

مٹیاری(نمائندہ جسارت)ڈپٹی اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ منصور علی سیال کی ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس مٹیاری میں کھلی کچہری۔کھلی کچہری کے بعد ڈپٹی اکاؤنٹنٹ جنرل منصور علی سیال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے سرکاری ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں، پنشن جی پی فنڈ، ایل پی آر اور دیگر مد میں 42 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے تاکہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ریٹائرڈ و حاضر سروس سرکاری ملازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔یہ کھلی کچہری اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کے احکامات پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس مٹیاری میں منعقد کی گئی، جس کا مقصد عوامی مسائل کا فوری حل فراہم کرنا تھا۔ ڈپٹی اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ نے محکموں کے عوامی مسائل، خصوصاً سرکاری ملازمین کے پنشن، جی پی فنڈ، ایل پی آر اور دیگر فنڈز کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی اور فوری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر مٹیاری فرزانہ کلثوم، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ون عثمان شیخ ایڈشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ٹو شکیل برڑو، اکاؤنٹنٹ سرفراز مگسی اور سینئر آڈیٹرز فیصل پنھور، وسیم بگھیو اور عدیل خان بھی موجود تھے، جنہوں نے مسائل کے حل میں معاونت فراہم کی۔تقریب کے دوران عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل ڈپٹی اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کے سامنے پیش کیے۔ عوام نے اس کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات سے سرکاری ملازمین کے مسائل جلد حل ہوں گے۔