حکومت نے8 ارب سے زائد کی مصنوعات برآمد کیں

57

سکھر (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر برائے ٹریڈ اینڈ کامرس جام کمال خان نے کہا ہے کہ 8 ارب سے زائد کی مصنوعات برآمد کیں، جس میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اس میں مزید اضافے اور ویلیو ایڈیشن کی صنعتوں کے فروغ کے لیئے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کی تجاویز وزیراعظم کو جمع کرائی ہیں۔ملک کی اقتصادیات زراعت پر مبنی ہے جس سے تمام صنعتیں منسلک ہیں اور اسی شعبہ میں ترقی ملک کی معاشی صورتحال بہتر کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے دورے کے موقع پر صدرِ ایوان محمد خالد کاکیزئی و دیگر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان عبدالکریم میمن، ایف پی سی سی ا?ئی کے نائب صدر برائے سندھ بلال وقار خان، خیرپور چیمبرسے چوہدری بشیر آرائیں اور کلیم اللہ عباسی و دیگر معززین بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارتِ کامرس کے ماتحت ریجنز کی سطح پر نظر ثانی کرکے اسی کے مطابق پالیسیاں تشکیل دے کر زرعی مصنوعات کی فصلوں میں بہتری و اضافے کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ حال ہی میں بنگلہ دیش کے وفد کے دورے کے موقع پر 10 ارب کی برآمدات پر غور کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ڈی اے پی کے اختیارات و ذمہ داریوں کو وسیع کر رہے ہیں اور اس کے علاوہ کسانوں ، تاجروں ، برآمد کنندگان کو زرعی مصنوعات فصل کی پیداوار سے لے کر برآمد کرنے تک کے عوامل بین الاقوامی معیار پر کرنے کیلئے نیشنل کمپلائنس ادارے کو فعال کیا ہے۔ اس موقع پر سکھر چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر و ٹریڈ اینڈ ایکسپورٹ کمیٹی کے کنوینر علی جبران نے سکھر چیمبر کی جانب سے چند گزارشات پیش کیں جس میں کٹائی سے قبل اور بعد میں فصل کی پیداوار میں کسانوں کی صلاحیتیں بہتر کرنے، فصل کی انشورنس اور بلا سود قرض کی فراہمی کی اسکیمیں متعارف کرانے، برآمدات کے تجارتی مراکرز بین الاقوامی معیار پر قائم کرنے، سکھر میں ڈرائی پورٹ و ایکسپو سینٹر کا قیام، پڑوسی ملک کو چھوہارہ برآمد کرنے، بین الاقوامی نمائشوں میں سکھر کے برآمدکنندگان کو سبسڈی دینے، ای ڈی ایف کے تحت سکھر کے منصوبوں کو فنڈز فراہم کرنے، اسٹیٹ بینک کی جانب سے لانگ ٹرم فنانسنگ کی سہولیات کی فراہمی، کھجور کی ویلیو ایڈیشن کیلئے پراسسنگ پلانٹس کا قیام، بین الاقوامی سطح پر درکار اعلیٰ کھجور کی اقسام کیلئے جدت کرنے سمیت دیگر تجاویز پیش کیں جس پر منسٹر ٹریڈ اینڈ کامرس جام کمال خان نے سکھر چیمبر کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔