لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں ذیابیطس کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی تنظیم پرائمری کیئر ذیابیطس ایسوسی ایشن پاکستان نے ذیابیطس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک نجی دوا ساز کمپنی کے تعاون سے 22 دسمبر کو بذریعہ ٹرین ’’جرنی ٹو بیٹ ذیابیطس‘‘آگاہی مہم شروع کی جائے گی جس میں ڈاکٹروں کی ٹیم مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر لوگوں کو آگاہی فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے پرائمری کیئر ذیابیطس ایسوسی ایشن پاکستان سندھ چیپٹر کے سربراہ مرکزی جنرل سیکرٹری اور ذیابیطس کے ماہر ڈاکٹر پون کمار اور ڈاکٹر ماجد علی خان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم 22 دسمبر کو موئن جو دڑو پسنجر ٹرین کے ذریعے سکھر، لاڑکانہ، موئن جو دڑو، باڈھ، رادھن، دادو، سہون اور کوٹری ریلوے اسٹیشنوں پر مسافر ٹرین کے ذریعے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپے جیسی بیماری سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی مہم چلائے گی جس میں بنیادی معلومات فراہم کی جائیں گی، ساتھ ہی بلڈ شوگر اور کولسٹرول کے مفت ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے، اس کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگ قریبی ریلوے اسٹیشن پہنچ کر فائدہ اٹھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم پاکستان میں ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے ہماری جاری کوششوں کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائمری کیئر ذیابیطس ایسوسی ایشن پاکستان میں ذیابیطس کی سب سے بڑی تنظیم ہے جو پرائمری کیئر کی سطح پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد لوگوں میں ذیابیطس سے متعلق آگاہی کو بڑھانا اور پورے ملک میں سرگرم اداروں اور صحت کے اداروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ ذیابیطس کے مرض کے روک تھام کو ممکن بنایا جاسکے۔