میرپورخاص(نمائندہ جسارت) 14روز قبل ٹنڈوجاں محمد تھانے کی حدود میں واقع گاؤں جھنڈو کلوئی میں بااثر زمیندار کی جانب سے پانی میں زہر ملا کر 282 بکریاں مارنے کے واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا، متاثرہ کلوئی لباری برادری کے افراد کا پریس کلب کے سامنے انصاف نہ ملنے پر احتجاج اس موقع پر مظاہرین صدام کلوئی، غلام علی، ارشد کلوئی، لچھمن اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ 14 روز قبل ہماری بکریاں زمیندار حاجی ظہیر آرائیں کے کھیتوں میں چرنے گئیں تو زمیندار اور اس کے کمدار فقیرو میگھواڑ نے غصے میں آ کر واٹر کورس کے پانی میں زہر ملا دیا جس کو پینے 282 بکریاں موقع پر ہی مر گئیں جس کا وزیر داخلہ نے نوٹس بھی لیا تھا اس کے باوجود ٹنڈو جان محمد پولیس زمیندار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کو تیار نہیں ہمارے لاکھوں روپے مالیت کے مویشی مر گئے لیکن کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہے اس لئے مجبور ہو کر احتجاج کرنے میرپورخاص آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بااثر زمیندار ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپورخاص سے مطالبہ کیا کہ زمیندار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور مرنے والی بکریوں کا معاوضہ دیا جائے انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔