لاپتا افراد مردہ قرار،یونان کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی ،جوڈیشل انکوائری کیلیے لاہورہائیکورٹ میں درخواست

115

ایتھنز /لاہور /وزیر آباد (صباح نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) یونان میں کچھ روز قبل تارکین وطن کی کشتیوں کو پیش آنے والے حادثات میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 تک جا پہنچی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کوسٹ گارڈ کی جانب سے ریسکیو آپریشن ختم کرتے ہوئے تمام لاپتا افراد کو مردہ قرار دیدیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یونان میں کچھ
روز قبل3 مختلف کشتیوں کو حادثات پیش آئے ہیں، جن میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد40 تک پہنچ گئی ہے۔ اس وقت بھی لیبیا میں 5 ہزار کے قریب پاکستانی موجود ہیں جو یورپ جانے کی خواہش رکھتے ہیں اور مختلف ایجنٹوں کے پاس ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیا میں جو پاکستانی موجود ہیں وہ پاکستان سے ویزا لے کر قانونی طور پر وہاں پہنچے ہیں اور وہاں سے یورپ منتقل ہونا چاہتے ہیں۔ یونان کشتی حادثہ میں وزیرآباد کے علاقہ رتی ٹھٹ کے رہائشی2 سگے بھائی بھی لاپتا ہیں۔ دونوں نوجوان وقاص اور وقار ایک ماہ قبل عازم سفر ہوئے تھے، اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں اور حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں یونان کشتی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے درخواست دائر کردی گئی جس میں کہا گیا کہ کشتیاں ڈوبنے سے پہلے بھی اسی طرح پاکستانی مر چکے ہیں۔ یونان کشتی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں منیر احمد نامی شہری نے درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ حکومت انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی، انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کو واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا حکم دے۔
کشتی حادثہ