حیدرآباد میں نیا ٹڈاپ آفس تعمیر کیا جائے گا ،عاصم ٹوانہ

34

کراچی(کامرس رپورٹر)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل عاصم ٹوانہ، کوآرڈینیٹر ٹریڈ فیسیلیٹیشن ڈویڑن یاسر فاروقی کے ہمراہ حیدرآباد کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد حیدرآباد کے ذیلی علاقے میں تجارتی سہولت کاری کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانااور اسٹریٹجک اقدامات پر غور و خوض کرنا تھا۔ وفد نے کمشنر حیدرآبادبلال میمن کیساتھ اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن اور ٹی ڈی اے پی حیدرآباد سب ریجن انچارج صلاح الدین عباسی بھی موجود تھے۔ ڈی جی عاصم ٹوانہ نے ایکسپو سینٹر حیدرآباد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ خطے میں تجارت کی بڑھتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زیادہ اسٹرٹیجک اقدامات پراور بڑی سہولت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے TDAP کے ایکسپو سنٹر کو منتقل کرنے اور ایک نیا TDAP حیدرآباد آفس تعمیر کرنے کے منصوبے کی وضاحت کی جس کے ساتھ اس کے افسران کے لیے رہائشی رہائش بھی زیادہ موزوں اور کشادہ جگہ پر ہوگی۔اس وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے، ڈی جی نے 99 سالہ لیز کے تحت 10 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی درخواست کی۔ میٹنگ کے دوران مقام کے مختلف اختیارات کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں دو ممکنہ مقامات حیدرآباد ایئرپورٹ روڈ کے قریب اور دوسرا گنجوٹاکر پر اتفاق رائے کیا گیا۔