فرازالرحمان کا نئی مانیٹری پالیسی کا خیرمقدم

31

کراچی(بزنس رپورٹر) پاکستان بزنس گروپ (پی بی جی) کے پیٹرن ان چیف فرازالرحمان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی نئی مانیٹری پالیسی کا خیرمقدم کیا ہے اور اس کے ذریعے معیشت کو درپیش مشکلات کے باوجود استحکام حاصل کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پالیسی میں کچھ اہم شعبے جیسے اسٹارٹ اپس اور چھوٹے کاروباروں پر توجہ نہیں دی گئی، جو ملک کی طویل مدتی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔فرازالرحمان نے کہا کہ نئی مانیٹری پالیسی عمومی صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک قدم ہے لیکن چھوٹے کاروبار اور اسٹارٹ اپس معیشت کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شعبے کئی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جن میں سستی مالی امداد تک رسائی، پیچیدہ ضوابط اور کاروبار شروع کرنے کے لیے مناسب معاونت کا فقدان شامل ہے۔ ان مسائل کو حل کئے بغیر یہ چھوٹے کاروبار اور اسٹارٹ اپس اپنی مکمل صلاحیتوں کو حاصل نہیں کر پائیں گے، جس سے پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز مزید بڑھ جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی مالی معاونت مارکیٹ میں کیش فلو کو بہتر بنانے اور طلب کو بڑھانے کے لئے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔