کراچی(اسٹاف پورٹر) جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی محمد فاروق نے میڈیا کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جماعت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ میڈیا اداروں میں صنفی کمیٹیاں بنانے کے لیے اسمبلی میں آواز اٹھانے کا عزم کااعادہ بھی کیا۔ انہوں نے صحافیوں کو مکمل قانونی مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ عدالت کے ذریعے کسی قانونی مسئلے کے ازالے کے لیے جماعت اسلامی سے رجوع کریں تو جما عت ان سے اس سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کی نائب صدر شہر بانو سے بات چیت کے دوران محمد فاروق نے میڈیا کی آزادی کو یقینی بنانے اور میڈیا کے پیشہ ور افراد کے لیے معاون ماحول پیدا کرنے پر جماعت اسلامی کے واضح موقف پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور پاکستان میں آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہونے والی گفتگو کے بعدپی ایف یوجے کی نائب صدر کی جانب سے جے آئی لیڈر کو دو دستاویزات پیش کی گئیں۔ڈیسنٹ ورک ریسرچ اسٹڈی 2023 اور 2024 میں میڈیا میں نظاماتی مسائل کا مختصر خاکہ۔دستاویزات میں کورونا کے بعد کے معاشی حالات کے اثرات کو اجاگر کیا گیا، جس کی وجہ سے میڈیا آؤٹ لیٹس بند ہو گئے اور ملازمتوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ جب کہ کچھ صحافیوں نے فری لانس کام کی طرف منتقلی کی، مگر اس کام کا زیادہ تر حصہ غیر پائیدار اور بلا معاوضہ تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی کی وکلاکی ٹیم صحافیوں کے حقوق کا دفاع کرتے ہوئے درپیش کسی بھی غیر ضروری دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔