ریلوے کی ایپ میں تکنیکی مسئلہ، ادائیگی کے باوجود بکنگ کا میسج موصول نہ ہونے کی ہزاروں شکایات

43

کراچی (رپورٹ ۔منیرعقیل انصاری )پاکستان ریلوے کی بکنگ ایپ میں تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ہزاروں مسافروں پریشان ہو گئے، آن لائن ادائیگی کے باوجود بکنگ کی صدیق کا میسج موصول نہیں ہوسکا ہے۔ذرائع ریلوے کے مطابق گزشتہ روز ریلوے ایپ میں بڑی خرابی سامنے آئی ہے جس کے بعد تاحال تکنیکی مسئلہ دور نہیں کیا جاسکا ہے جبکہ ریلوے سے سفر کرنے والے خواہش مند افراد آن لائن بکنگ کی مد میں ہزاروں ادا کرنے کے بعد بھی بکنگ کی تصدیق کے لیے پریشان ہیں۔ذرائع کے مطابق ریلوے کی ہیلپ لائن پر ہزاروں کالز موصول ہورہی ہیں اور شہریوں نے آن لائن بکنگ میں درپیش مسائل کا تذکرہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اب مسافروں کو بتایا جارہا ہے کہ وہ ریلوے اسٹیشن کے کاؤنٹر سے بکنگ کروائیں۔ادھر پاکستان ریلوے کی آن لائن بکنگ ایپ پر ٹکٹ بک کرنے والے ایک مسافر نے جسارت کو بتایا کہ انہوں نے کراچی سے لاہور کے لیے چار نشستیں بک کروائیں اور چودہ ہزار روپے ادا کیے لیکن بکنگ کی تصدیق کا کوئی مسیج یا ای میل تاحال موصول نہیں ہو ا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آرڈر نمبر 33095206 کی مد میں رقم کی کٹوتی کا مسیج ضرور موصول ہوا لیکن تصدیقی مسیج موصول نہیں ہوا ہے۔انہوں نے شکایت کی کہ ریلوے کی ہیلپ لائن پر متعدد مرتبہ کالز کے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہورہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر پاکستان ریلوے آن لائن کی ایپ تکنیکی مسائل سے دوچار ہے تو ایپ کو غیر فعال کردیا جائے اور ساتھ ہی ایپ پر ایک انتباہی میسج پر آویزاں کردیا جائے تاکہ لوگ پریشانی سے بچ سکیں۔ادھر ریلوے کی ہیلپ لائن موجود خاتون آپریٹر نے بتایا کہ گزشتہ دو روز سے ریلوے کی ایپ میں کچھ مسائل سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے لوگ بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بکنگ کی مد میں ادا کی جانے والی رقم 24 گھنٹے یا 5 سے 6 دن میں واپس اکاؤنٹ میں آجائے گی انہوں نے زور دیا کہ مسافر آن لائن ایپ کے بجائے ریلوے کے کاؤنٹر سے اپنی بکنگ کروائیں۔