امریکا کے ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے معیاری اور معقول افرادی وقت کا حصول آسان بنانے کے لیے H-1B ویزا پروگرام کو آسان اور معتدل بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اعلیٰ درجے کی صلاحیت و سکت رکھنے والوں کو امریکا آنے کی تحریک دی جاتی ہے۔
نائن الیون کے بعد سے امریکا کو معیاری افرادی قوت کے حصول میں غیر معمولی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ سیکیورٹی کے اشوز کی وجہ سے بہت سے غیر معمولی صلاحیت رکھنے والے لوگوں کو آسانی سے ویزا نہیں مل پاتا تھا۔
داخلی سلامتی کے امریکی محکمے کے اس فیصلے سے بھارتی باشندے زیادہ مستفید ہوں گے۔ پاکستان اور چند دوسرے پس ماندہ ممالک کے لیے اس ویزا کا حصول مشکل ہوگا کیونکہ شرائط سخت ہیں اور پاکستان سمیت بعض ممالک کے باشندے اس ویزا کے حصول کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں۔
داخلی سلامتی کے امریکی محکمے کا کہنا ہے کہ H-1B ویزا کو آسان بنانے کی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔ فیصلے کا اطلاق 17 جنوری 2024 سے ہوگا۔
واضح رہے کہ بہت سے امریکی ہائی ٹیک اداروں نے شکایت کی تھی کہ انہیں چونکہ معیاری افرادی قوت حاصل نہیں ہو پارہی اس لیے وہ عالمی منڈی میں زیادہ مسابقت کے قابل بھی نہیں ہو پارہیں۔ امریکی حکومت نے کاروباری شعبے کی مجبوری اور پریشانی کو ذہن نشین رکھتے ہوئے بھارت سمیت کئی ممالک کے پروفیشنلز کو اپنے ہاں بلانے کے عمل کو آسان بنانے کا فیصلہ کیا۔