حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کی پیشکش

142

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنی ثالثی کی خدمات پیش کر دی ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت کے لیے ان کا دفتر اور گھر ہر وقت دستیاب ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس سلسلے میں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے۔

اسپیکر نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی سیاسی معاملے پر مذاکرات کے عمل میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں اور قومی اسمبلی میں ہونے والی حالیہ بحث کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ نہیں ہوگا، نظام موثر طور پر نہیں چل سکتا۔

رانا ثنا اللہ نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے تاکہ سیاسی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے ذریعے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان بھی حکومت سے مذاکرات کی پیشکش کر چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کا راستہ فراہم کرنا چاہیے۔