سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، 11 خوارجی دہشت گرد ہلاک

115
Operations of security forces

راولپنڈی : سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے تین مختلف اضلاع میں 18،17 دسمبر کی رات کارروائیاں کرتے ہوئے 11خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، موثر کارروائی کے نتیجے میں 7خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

اسی طرح فورسز کی تیسری کارروائی ضلع مہمند کے علاقے مامد گٹ میں کی گئی، جہاں شدید جھڑپ کے بعد 2 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی ممکنہ خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔