ریاض:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ پاسپورٹ میں جعلسازی اور کاغذات میں ردوبدل کرنے والوں کو سعودی عرب کے تعاون سے پاکستان میں ہی پکڑا جا سکتا ہے، پاسپورٹ نظام کو فول پروف بنانے کیلیے سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کی معاونت سودمند ثابت ہو سکتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کی معاونت سے عوام کو سہولت ملے گی اور دھوکہ دہی سے نجات ملے گی، پاسپورٹ میں رد و بدل اور جعلی کاغذات پر سعودی عرب جانے والے 3700 پاکستانیوں کو سعودی حکام نیایئرپورٹس پر پکڑا تھا۔
انہوں نے مزید کہاکہ سعودی عرب سے پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعاون سے جعلساز پاسپورٹ والوں پر قابو پایا جاسکتا ہے، سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے کال سینٹر کی طرز پر پاکستان میں بھی کال سینٹر بنایا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے طرز کا کال سینٹرتعمیر کرکے عوامی سہولیات میں اضافہ ہوگا، عوام کو سعودی عرب بھیجنے کے حوالے سے آسان پالیسیاں مرتب دی جارہی ہیں۔