سول نا فرمانی کی تحریک کیلیے عمران خان کے حکم کا انتظار ہے،گنڈا پور

43

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک /صباح نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم کا انتظار ہے۔ پشاور ہائی کورٹ کے بعد باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اڈیالہ جیل کے اندر جانے نہیں دیا گیا، مجھے کہا گیا کہ کلیئرنس نہیں ہے‘ میں پورے صوبے کا نمائندے ہوں، مجھے کسی
کلیئرنس کی ضرورت نہیں ہے۔ پشاور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست پر سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل2 رکنی بینچ نے کی۔ وکیل درخواست گزار عالم خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل حضرت سید نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد میں 32 اور پنجاب میں 33 مقدمات درج ہیں۔ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ کتنا ٹائم لگایا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب کی ایک انکوائری ہے، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی۔ عدالت نے کہا کہ نیب تفصیلی رپورٹ جمع کرائے، فریقین کے دلائل سننے کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو 16 جنوری تک حفاظتی ضمانت دے دی، عدالت نے درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔