لاہور (نمائندہ جسارت) مرکزی کسان تحریک کے صدر اشفاق ورک نے کسانوںکے قومی دن کے موقع پر کہا ہے کہ کسان ہمارے معاشی اور سماجی ڈھانچے کا بنیادی حصہ ہیں، اور ان کی محنت و کاوش کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ہے۔ پاکستان کے اندر سب سے بڑا طبقہ کسانوں کا ہے اور اس کا کردار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا ہے۔لیکن بدقسمتی سے، کسان آج بھی بنیادی حقوق، بہتر زرعی پالیسیوں اور اپنی محنت کا مناسب معاوضہ نہ ملنے کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کسان نہ صرف ملکی خوراک کے ذخائر کا تحفظ کرتے ہیں بلکہ معاشی ترقی و استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دیگر ممالک میں کسانوں کو خصوصی پروٹوکول دیا جاتا ہے جبکہ پاکستان کے اندر کسان جس بھی محکمہ میں جائیں ان سے ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان ایسے بیانات دے رہی ہے جس سے کسانوں کے دل چھلنی ہو جاتے ہیں۔انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ خدارا کسانوں کے اوپر رحم کریں اور ان پر ٹیکس لگانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔حکومت کسانوں کے حقوق کا تحفظ کرے اور زرعی پالیسیوں میں اصلاحات کرے۔ کسانوں کو عزت دی جائے اوران کی فصلیں خریدنے کا بندوبست کیا جائے تاکہ ان کی زندگیوں میں بھی بہتری آئے۔انہوںنے مزید کہا کہ مرکزی کسان تحریک کسانوں کی فلاح وبہبود، ان کی زندگی کے معیار میں بہتری اور ان کے حقوق کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔مرکزی کسان تحریک کسانوں کے حقوق کی لڑائی ہر محاذ پر لڑے گی۔