کراچی (کامرس رپورٹر) بینک دولت پاکستان کی جانب پالیسی ڈسکاونٹ ریٹ میں مزید کمی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں منافع خوری کا رجحان غالب آگیا اور انڈیکس1300پوائنٹس کم ہوگیا ،مارکیٹ11600اور115,000پوائنٹس کی دو نفسیاتی حد گنوا بیٹھی ،کاروباری سیشن کے دوران بازار حصص اتار چڑھاو کا شکار رہی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 228ارب روپے سے زاید ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم148کھرب روپے سے کم ہو کر 145 کھرب روپے پر آگیا جبکہ 63.19فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔سیمنٹ ،فرٹیلائزر، فوڈز، آئل اینڈ گیس اور توانائی کے شعبوں میں فروخت دیکھا گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 113,688 پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا جبکہ مارکیٹ کو سہارادینے کی غرض سے بعض اسٹاکس میں کی گئی سرمایہ کاری سے انڈیکس117,039پوائنٹس کی بلند سطح پربھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا تھا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 1308پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس1لاکھ16ہزار169پوائنٹس سے کم ہو کر 1لاکھ14ہزار860پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح 462پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30 انڈیکس 36ہزار658پوائنٹس سے کم ہو کر36ہزار 196پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس73ہزار473پوائنٹس سے گھٹ کر 72 ہزار340پوائنٹس ہو گیا۔کاروبار ی اتار چڑھاو کے بعد رونماہونیوالی مندی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 228ارب49 کروڑ68لاکھ 8ہزار 936 روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم148 کھرب 11ارب 81کروڑ11 لاکھ84ہزار259روپے سے کم ہو کر 145کھرب 83ارب 31کروڑ43 لاکھ75 ہزار323 روپے ہوگیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو62ارب روپے مالیت کے 1ارب25 کروڑ29لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو66ارب روپے مالیت کے1کروڑ47لاکھ6ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔گذشتہ روز مارکیٹ میں 470کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 134کمپنیو ں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،297میں کمی اور 39کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام ،پاک الیکٹرون،سنر جیکو پاک ،بینک آف پنجاب اور پاک ریفائنری سر فہرست رہے۔قیمتوں میں اتار چڑھا وکے اعتبار سے یونی لیور پاکستا ن فوڈز لمیٹڈ کے بھاو میں 180.02روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت21000.02روپے ہو گئی اسی طرح 29.78روپے کے اضافے سے فلپ مورس پاکستان لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 789.88روپے پر جا پہنچی جبکہ ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے بھاو میں89.97روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت809.76روپے ہو گئی اسی طرح 74.88روپے کی کمی سے نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے حصص کی قیمت7511.48 روپے پر آ گئی ۔