نیوزی لینڈ کے ٹم ساوتھی ٹیسٹ کرکٹ میں مشترکہ طور پر چوتھے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف ہملٹن میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن انہوں نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں اپنی 23 رنز کی اننگز میں تین چھکے لگاکر ویسٹ انڈیز کے کریس گیل کا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہوئے جنہوں نے98 چھکے لگائے تھے اور ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز تھے۔ٹم ساوتھی نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے اختتام تک جو107 ٹیسٹ میچ کھیلے انکی155 اننگز میں15.57 کی اوسط اور 82.76 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ2243 رنز بنائے تھے جس میں215 چوکے اور98 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے سات نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور 21 مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے ہیں۔ نیپئرمیں انگلینڈ کت خلاف مارچ2008 میں انہوں نے48 منٹ میں40 گیندوں پر چار چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 77 رنز بنائے تھے جو ان کا سب سے زیادہ اسکور اور ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کریس گیل نے 2000 اور2014 کے درمیان جو103 ٹیسٹ میچ کھیلے انکی182 اننگز میں42.18 کی اوسط اور60.26 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ15 سنچریوں اور37 نصف سنچریوں کی مدد سے7214 رنز بنائے تھے جس میں1046 چوکے اور98 چھکے شامل تھے ۔ وہ15 مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور333 رنز تھا جو انہوں نے سری لنکاکے خلاف گول میں نومبر2010 میں 653 منٹ میں437 گیندوں پر34 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میں نو چھکے ایک اننگز میں انکے سب سے زیادہ چھکے تھے۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ انگلینڈ کے بین اسٹوکس کے پاس ہے جنہوں نے 2013 سے اب تک جو110 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں انکی197 اننگز میں35.59 کی اوسط اور 59.70 کے اسٹرائیک کے ساتھ13 سنچریوں اور35 نصف سنچریوں کی مدد سے 6692 رنز بنائے ہیں جس میں773 چوکے اور133 چھکے شامل ہیں۔ وہ15 مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور258 رنز ہے جو انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹائون میں جنوری 2016 میں338 منٹ میں198 بالوں پر30 چوکوں اور گیارہ چھکوں کے ساتھ بنایا تھا۔ اس اننگز میں گیارہ چھکے ایک ٹیسٹ اننگز میں انکے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز ہیں۔دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2004 اور2016 کے درمیان جو101 ٹیسٹ کھیلے ہیں انکی176 اننگز میں38.64 کی اوسط اور64.60 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ12 سنچریوں اور31 نصف سنچریوں کی مدد سے6453 رنز بنائے تھے جس میں776 چوکے اور107 چھکے شامل تھے۔ وہ 14 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور302 رنز ہے جو انہوں فروری 2014 میں بھارت کے خلاف ویلنگٹن میں 775 منٹ میں 559 گیندوں پر 32 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ دو مرتبہ وہ ایک اننگز میں گیارہ چھکے لگانے میں کامیاب رہے ہیں۔ آسڑیلیا کے ایڈم گلکرسٹ ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز ہیں ۔ انہوں نے1999 اور2008 کے درمیان جو96 ٹیسٹ کھیلے انکی 137 اننگز میں47.60 کی اوسط اور81.95 کے اسٹرائیک ریت کے ساتھ17 سنچریوں اور 26 نصف سنچریوں کی مدد سے5570 رنز بنائے تھے جس میں677 چوکے اور پورے سو چھکے شامل تھے۔ وہ14 مرتبہ صفر کا شکار ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر204 رنز ہے جو انہوں نے293 منٹ میں213 گیندوں پر19 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں فروری 2002 میں بنایا تھا۔ اس میں انکے آٹھ چھکے ایک اننگز میں سب سے زیادہ تھے۔