کراچی:سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواست سننے سے معذرت کر لی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس جنید غفار نے ریمارکس دیے کہ جس بینچ نے اس درخواست کی سماعت کی اجازت دی ہے، وہی بینچ اس معاملے کو سنے گا۔
جسٹس جنید غفار نے اپنے ریمارکس میں مزید بتایا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا بینچ 23 دسمبر کو دستیاب ہوگا اور اسی دن یہ درخواست سنی جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے 26ویں آئینی ترمیم کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کو حتمی فیصلے تک کام کرنے سے روکا جائے۔ ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرری بھی عارضی طور پر روکی جائے اور 26ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
بینچ کے انکار کے بعد اب اس درخواست کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بینچ کے روبرو 23 دسمبر کو پیش کیا جائے گا جہاں اس کی سماعت کا فیصلہ کیا جائے گا۔