لندن: 10 سالہ سارہ کے قتل میں اس کے والد اور سوتیلی ماں کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق برطانوی عدالت نے 10 سالہ بچی سارہ شریف کے قتل کے جرم میں اس کے والد عرفان شریف اور سوتیلی ماں بینش بتول کو عمر قید کی سزا سنا دی، جب کہ مقتولہ کے چچا فیصل ملک کو 16 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عرفان شریف کو کم از کم 40 سال اور بینش بتول کو کم از کم 33 سال جیل میں گزارنا ہوں گے۔ سزا کے اس دورانیے کے بعد بھی رہائی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی، اس کا فیصلہ پیرول کے تحت ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لندن کی عدالت نے سارہ قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عرفان شریف اور بینش بتول کو قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔ سماعت کے دوران عرفان شریف نے سارہ کو پہنچنے والے زخموں کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ اس نے سارہ کو دھاتی راڈ، کرکٹ بیٹ اور موبائل فون کے ذریعے مارا تھا۔
10 سالہ سارہ شریف کی لاش گزشتہ برس 10 اگست کو ووکنگ کے علاقے میں ایک گھر سے ملی تھی۔ پولیس کے مطابق سارہ کے والد، چچا اور سوتیلی ماں مقتولہ کی موت کے چند گھنٹے بعد پاکستان روانہ ہوگئے تھے۔ سارہ کی موت کی اطلاع پاکستان سے عرفان شریف نے ایمرجنسی نمبر پر دی تھی۔
برطانیہ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تھا، جس کے بعد تینوں افراد برطانیہ واپسی پر فوری طور پر حراست میں لے لیے گئے تھے۔