پی ٹی اے نے ہزاروں موبائل فون نمبرز بلاک کر دیے

111

اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث ہزاروں موبائل فون نمبرز بلاک کردیے۔ یہ کارروائی شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد عمل میں لائی گئی۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران 5 ہزار 294 موبائل نمبرز کو بلاک کیا گیا، جو موبائل صارفین کو دھوکا دینے اور فراڈ میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ 4 ہزار 507 آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبرز بھی بلاک کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 113 افراد کے شناختی کارڈز کو بھی فراڈ میں ملوث ہونے کے باعث بلاک کر دیا گیا۔

موبائل چوری کی شکایات

گزشتہ سال پی ٹی اے کو 27 ہزار 351 موبائل چوری سے متعلق شکایات موصول ہوئیں جب کہ 1 ہزار 818 درخواستیں موبائل فونز کو ان بلاک کرنے کے لیے موصول ہوئیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل صارفین کو دھوکا دہی اور فراڈ سے محفوظ بنانے کے لیے یہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ عوام کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مشکوک نمبرز کی فوری طور پر اطلاع دے کر اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں۔