دھوکے سے پاکستان لائی جانے والی بھارتی خاتون وطن واپس پہنچ گئی

166

ممبئی کی رہائشی حمیدہ بانو بالآخر 22 سال بعد وطن واپس پہنچ گئی۔ 2002 میں حمیدہ بانو کو ایک ریکروٹنگ ایجنٹ نے دبئی میں کُک کی ملازمت دلانے کے بہانے پاکستان پہنچادیا تھا۔ یہاں اُس نے حیدر آباد میں سکونت اختیار کی۔

حمیدہ بانو کے چار بچے تھے۔ شوہر کے انتقال کے بعد وہی اپنے بچوں کی کفیل تھی۔ اس نے قطر، دبئی اور سعودی عرب میں کام کیا تھا۔ واپسی کے بعد وہ پھر دبئی جانا چاہتی تھی تاکہ اولاد کے لیے زیادہ کماسکے۔

حمیدہ بانو پیر کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت واپس چلی گئی۔ اُسے کراچی سے طیارے کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا۔

حمیدہ بانو، جو اب 75 سال کی ہے، 22 سال بعد گھر پہنچنے پر بہت خوش ہے۔ اُس نے بتایا کہ وہ تو وطن واپسی کی امید ہی ہار بیٹھی تھی۔ 2022 میں پاکستانی یوٹیوبر ولی اللہ معروف نے اس کی کہانی اپنے ولاگ پر شیئر کی اور پھر حمیدہ کی بات اس کی بیٹی یاسمین سے کروائی۔

پاکستان میں حمیدہ بانو نے کراچی کے ایک شخص سے شادی کرلی تھی۔ وہ شخص کووڈ کے دوران انتقال کرگیا۔ تب سے وہ اپنے سوتیلے بیٹے کے ساتھ مقیم تھی۔ پاکستان میں حمیدہ بانو نے بہت سخت دن گزارے۔ کبھی وہ فٹ پاتھ پر رہی اور کبھی کسی مسجد میں سوئی۔ اُس نے ایک چھوٹی سی دکان بھی چلائی۔