امریکا نے انتہائی پُرتشدد ہتھکنڈوں کے حوالے سے عالمگیر سطح پر بدنام گینگسٹر اوسیئل کارڈینس گوئیلن کو میکسیکو کے حوالے کردیا۔
گوئیلن نے امریکا میں انتہائی سیکیورٹی والی جیل میں 20 سال قید کاٹی۔ اُسے اگست میں رہا کیا گیا تھا۔ تب سے اب تک وہ امریکی حکام کی تحویل میں تھا۔
امریکی حکومت نے اب اس ڈرگ لارڈ کو باضابطہ طور پر میکسیکو کے حوالے کرکے جان چھڑائی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اُسے امریکا و میکسیکو کی سرحد پر واقع قصبے ٹِجوانا میں میکسیکن حکام کے حوالے کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق کارٹل باس کو میکسیکو کی ایلمولویا جیل میں رکھا گیا ہے۔ اسے اپنے وطن میں تین مختلف الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا ہے۔ ان میں منظم جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات کے علاوہ غیر قانونی طریقے سے حاصل کردہ فنڈز استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔