شہر قائد میں سردی بڑھنے لگی، درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ ہونے کا امکان

412
temperature is likely to be in single digits

کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں سردی کی لہر فی الحال برقرار رہے گی، ضلع تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع میں سخت سردی کی لہر برقرار رہنےکا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سےکم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آج رات سےکراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے اور پارہ سنگل ڈیجٹ میں جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی میں رات کے وقت درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکا امکان ہے۔ شمال مشرق سے خشک اور خنک ہوائیاں چلتی رہیں گی۔

دوسری جانب موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہےکہ افغانستان اور شمالی ایران میں ایک مضبوط مغربی سسٹم موجود ہے۔ افغانستان کے جنوب اور شمالی ایران میں شدید برف باری ہوئی ہے۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہےکہ افغانستان ایران میں موجود مغربی سسٹم شمال مغربی بلوچستان پر اثرانداز ہو رہا ہے۔ شمال مغربی بلوچستان پھر سے شدید خشک سردی کی لپیٹ میں ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سائبیرین لہر آج بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقے کو متاثر کرسکتی ہے۔ خشک سائبیرین ہوائیں اور جھکڑ چاغی سے مکران ساحل کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ تیز سائبیرین ہوائیں 48 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے بڑھ رہی ہے۔