وفاقی حکومت این ایف سی میں سے بلدیاتی حکومتوں کو براہ راست فنڈز کی منتقلی یقینی بنائے گی،احسن اقبال

288

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے نے کہاہے کہ ہر صوبے میں اختیارات کی مرکزیت اوپری سطح پر ہے جسے فوری طور پر نچلی سطح پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت این ایف سی میں سے بلدیاتی حکومتوں کو براہ راست فنڈز کی منتقلی یقینی بنائے گی۔

لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا و مردان کے 15 رکنی وفد نے جمعرات کو وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر کو صوبہ خیبرپختونخوا میں 3 سال سے مفلوج بلدیاتی حکومتوں کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وفد نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبہ میں 30 ہزار منتخب بلدیاتی نمائندوں کو کسی قسم کے انتظامی اور مالیاتی اختیارات نہ دے کر آئین و قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بلدیاتی نمائندگان کو وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت این ایف سی میں سے بلدیاتی حکومتوں کو براہ راست فنڈز کی منتقلی کو یقینی بنائے گی تاکہ صوبہ کے نچلی سطح پر مسائل حل کرنے میں مدد ہو سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی تقدیر کا انحصار اس بات پر ہے کہ صوبائی حکومتیں کتنے موثر انداز میں عوام کے مسائل حل کر رہی ہیں، با اختیار بلدیاتی ادارے ہی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کر سکتے ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد جو اختیارات صوبوں کو دیئے گئے ،14 سالوں میں ان شعبوں کے نظام میں کوئی بہتری نہیں آئی، جو اختیارات وفاق نے صوبوں کو دیئے ان کا حساب کتاب کیا جائے تو بلدیاتی حکومتوں کی کارکردگی واضح ہو جائے گی۔  وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی اداروں کو وہی تحفظ ملنا چاہیے جو صوبائی اداروں کو مل رہا ہے ۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہر صوبے میں اختیارات کی مرکزیت اوپری سطح پر ہے جسے فوری طور پر نچلی سطح پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔