نوشہروفیروز (نمائندہ جسارت) محراب پور پولیس کے اہلکاروں معروف چانگ اور سکندر سومرو نے ساتھیوں کے ہمراہ ہمارے گھر پر دھاوا بول کر گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیے اور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے فوٹیجز موجود ہیں شہر کے تاجر یعقوب کمبوہ اور بوٹا کمبوہ نے پریس کلب محراب پور پر احتجاج کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں کو مزید بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے ہمارا بھائی عبدالرحمٰن کمبوہ سابق ایس ایچ او راجا نوید سرفراز نے حراست میں لے کر غائب کررکھا ہے جس پر ہماری ہائی کورٹ سکھر میں اپیل زیرسماعت ہے گزشتہ روز سماعت کے دوران بھائی بازیاب نہ کرنے پر معزز جج نے ایس ایس پی نوشہروفیروز کو معطل کردیا تھا بعدازاں معذرت کرنے پر انہیں دو ہفتوں کا ٹائم دیا گیا کہ ہمارے بھائی کو کورٹ کے سامنے پیش کیا جائے جس کے بعد محراب پور پولیس بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور ہمیں کیس سے دستبردار کروانے کیلئے ہراساں کررہی ہے موجودہ ایس ایچ او اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کیلئے اپنے اہلکاروں سے ہمیں پریشان کررہا ہے رات گئے ہمارے گھر پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے توڑنا اور ہمارے گھر داخل ہونے کی کوشش کرنا اسی کی کڑی ہے تاکہ ہم لوگ خوفزدہ ہوکر اپنا کیس واپس لے لیں پولیس ہمارے بھائی کو بازیاب کرانے کے بجائے ہمیں ڈرانا دھمکانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد سے مطالبہ کیا کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے اگر ہمیں کچھ بھی ہوا تو ڈی ایس پی محراب پور اظہار لاہوری،سابق ایس ایچ او راجا نوید سرفرازموجودہ ایس ایچ او یاسر کھوسو اس کے ذمے دار ہوںگے۔