برطانیہ میں مقیم پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کے خواہشمند

151

؎لاہور (کامرس ڈیسک) پاک برٹش فرینڈ شپ کونسل نارتھ ویسٹ چیپٹر کے صدر محمد ارباب خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے بہت سے شعبوں میں تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں اور وہ اس کے لیے بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یوکے پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئر مین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان بزنس کونسل میاں کاشف اشفاق سے بزنس کونسل کے دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں کیونکہ وہ پاکستان کو ایک مضبوط معیشت کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے مزید سازگار کاروباری ماحول کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان بزنس کونسل اور پاکستان فرنیچر کونسل کے وفود کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ چینی اور بھارتی تارکین وطن نے اپنے آبائی ممالک کی معیشتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔