لاہور (کامرس ڈیسک) ملک میں نئی کاروں کی فروخت میں 50 فیصد کا بڑا اضافہ ہو ا ہے اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ ایک طویل عرصے سے ملک میںسیاسی عدم استحکا م اور بد امنی کا سلسلہ جاری تھا لیکن بہتر معاسی صورتحال کی وجہ کاروبار بھی بہتر ہو رہا ہے۔ کاروں کی فروخت رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 50 فیصد سے زائد بڑھ کر 38 ہزار 534 یونٹس تک جاپہنچی۔ حجم گزشتہ برس کی اسی مدت کے دوران 25 ہزار 746 یونٹس رہا تھا، جبکہ نومبر میں ماہانہ بنیادوں پر کاروں کی فروخت میں کمی کے باوجود یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسی طرح جیپ، وین اور پک اپس کی فروخت جولائی تا نومبر کے دوران 55 فیصد بڑے اضافے کے بعد 12 ہزار 259 یونٹس تک جاپہنچی ہے، جس کا حجم گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 7 ہزار 891 رہا تھا، جبکہ اکتوبر کے 2 ہزار 551 یونٹس کے مقابلے نومبر میں ان گاڑیوں کی فروخت معمولی کمی سے 2 ہزار 191 یونٹس رہی۔پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں 25.08 فیصد تنزلی سے 7 ہزار 909 کاریں فروخت ہوئیں۔