موبائل فون صارفین سے 338 ارب روپے ایڈوانس ٹیکس وصولی

36

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت خزانہ نے موبائل فون صارفین سے 5 سال کے دوران 3 کھرب 38 ارب روپے ٹیکس وصول کرنے کا انکشاف کردیا۔ ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں موبائل صارفین سے ٹیکس وصولی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ وزارت خزانہ نے صارفین سے ٹیکس وصولی کی تفصیلات ایوان کے سامنے رکھتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران
موبائل صارفین سے 3 کھرب 38 ارب روپے وصول کیے گئے‘ صارفین سے 2020ء میں50 ارب، 2021ء میں 55 ارب ایڈوانس ٹیکس کی مد میں لیے گئے‘ اسی طرح فون بیلنس پر 2022ء میں61 ارب اور 2023ء میں 80 ارب ٹیکس وصول کیا گیا جب کہ مالی سال 2024ء کے دوران صارفین سے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 92 ارب روپے وصول کیے گئے۔ وزارت خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ مالی سال 2025ء میں برآمدات 33 ارب ڈالر پہنچنے کا امکان ہے جبکہ ترسیلات زر33 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق آئی ٹی سیکٹر میں مجموعی طور پر ساڑھے8 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے اور رواں مالی سال آئی ٹی برآمدات 4 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ایوان میں سی پیک منصوبوں کے تحت رقوم وصولی کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں جس کے مطابق پاکستان نے چینی حکومت سے سی پیک کی مد میں ساڑھے25 ارب ڈالر وصول کیے۔ چین کے تعاون سے 24 ارب ڈالر کی لاگت سے 43 منصوبے مکمل کرلیے اور 75 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کے 8 منصوبوں پر کام جاری ہے۔