عالمی ٹیم اسکواش چیمپئن شپ:جرمنی سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم ایونٹ سے باہر

100
World Team Squash Championship

ہانگ کانگ:پاکستانی ٹیم عالمی ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں جرمنی سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ میں جاری عالمی ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں قومی ٹیم پری کوارٹر فائنل کے مرحلے میں ایونٹ سے باہر ہو گئی۔ پاکستانی ٹیم کو جرمنی کے خلاف میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گروپ ایچ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ پیرو، چین اور اٹلی کو شکست دے کر گروپ چیمپئن بننے والی پاکستان ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔ 

ایونٹ میں پری کوارٹر فائنل میں پہلے میچ میں محمد عاصم خان کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست ہوئی۔ دوسرے میچ میں ناصر اقبال نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 0-3 سے فتح حاصل کی اور مقابلہ برابر کر دیا،  تاہم تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں نور زمان 3-1 سے شکست کھا گئے، جس کے بعد جرمنی نے 1-2 سے فتح حاصل کر کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ 

پاکستان ٹیم ماضی میں 6 مرتبہ عالمی چیمپئن رہ چکی ہے۔ گروپ میچز میں شاندار کارکردگی کے باوجود ناک آؤٹ مرحلے میں جرمنی کے خلاف دباؤ کا سامنا نہ کر سکی۔