اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما، سابق وفاقی وزیر اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم سے انتخابی نشان چھین لیا گیا ہے۔ ہماری قیادت کو گرفتار یا مجبور کیا گیا کہ منظرعام پر نہ آئے۔بہت پہلے سے آثار نمایاں تھے کہ عام انتخابات شفاف نہیں ہوں گے۔ ہم سے ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا۔ پی ٹی آئی پر غیر معمولی مظالم ڈھائے گئے ہیں۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے جمہوری و آئینی حق استعمال کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ احتجاج نہ کرنا زیادہ شرم ناک ہوتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ احتجاج میں جلسے بھی ہوتے ہیں اور ریلیاں بھی نکالی جاتی ہیں۔ ہم نے پُرامن احتجاج کی کال دی اور لاکھوں لوگ آئے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ معاشرہ سیاسی طور پر باشعور ہوچکا ہے۔ ہمارے دور میں بھی احتجاج کیا گیا مگر ہم نے کبھی رکاوٹ کھڑی نہیں کی، کسی کو نہیں روکا۔ ہم سے ہمارا احتجاج کا جمہوری حق چھینا گیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹربیونلز محض مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔ مخصوص نشستوں کے حوالے سے تاحال جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیاں تاحال نامکمل ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جب یہ سب کچھ جاری رہا تو ہم نے پُرامن احتجاج کی کال دی۔ ہمیں بحث بھی کرنی ہے اور حقائق بھی سامنے رکھنے ہیں۔